دبئی:برطانوی شہر ناٹنگھم میں آج منگل کو ہائی الرٹ کی صورتحال دیکھی گئی۔ لندن پولیس بھی الرٹ رہی اور دارالحکومت کے وسط میں ایک بڑا سکیورٹی گھیراؤ کیا گیا۔وسطی انگلینڈ کے شہر ناٹنگھم میں سڑکیں بند کر دی گئیں، جبکہ برطانوی پولیس نے اعلان کیا کہ ان کا عملہ شہر میں ” جاری سنگین واقعے” سے نمٹ رہا ہے۔ناٹنگھم پولیس نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں اطلاع دی کہ شہر کی 6 سڑکیں 6:57 جی ایم ٹی پر بند کر دی گئی ہیں۔ شہریوں اور رہائشیوں کو جائے حادثہ سے دور ہٹنے کی بھی اپیل کی ہے۔ٹرام نیٹ ورک نے مزید تفصیلات بتائے بغیر اعلان کیا کہ حادثے کی وجہ سے اگلے نوٹس تک آمدورفت بند کر دی گئی ہے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے کلپس سے معلوم ہوتا ہے کہ سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند ہیں، اور ان پر ایمبولینسز، ایمرجنسی گاڑیاں اور پولیس تعینات ہے۔العربیہ/الحادث کے نمائندے کے مطابق سکیورٹی الرٹ ممکنہ طور پر دہشت گردی کے واقعے سے نمٹنے کے لیے ہے۔تاہم، اس پراسرار واقعے کے بارے میں سرکاری حوالوں سے ابھی تک کوئی اور تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔یہ واقعہ ایک مصروف وقت میں پیش آیا جب ہزاروں برطانوی کام پر جارہے ہوتے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں گذشتہ برسوں کے دوران کچھ دہشت گردانہ حملے دیکھے گئے ہیں لیکن یہاں فرانس یا دیگر یورپی ممالک کے مقابلے کم ایسے واقعات ہوتے ہیں۔ یہاں ہونے والے واقعات میں سے بہت سے داعش اور دیگر شدت پسند دہشت گرد تنظیموں سے منسوب تھے۔