کراچی:معاشی ماہرین اور بزنس کمیونٹی نے پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو انتہائی مثبت پیشرفت قرار دیدیا۔ایک انٹرویومیں معروف بزنس مین امین ہاشوانی نے کہا کہ ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا ہے اور ڈیفالٹ کا خطرہ ٹلنے پروزیراعظم کوکریڈٹ دینا چاہیے، پاکستان ڈیفالٹ کے قریب تھا اور اگلے تین سے 6 ماہ میں ڈیفالٹ ہوسکتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ ہم اس صورت حال پرپہنچے کیسے؟ ہم اپنی تھیوریز لگاتے ہیں توساری گڑبڑ ہوجاتی ہے،
موجودہ حکومت اپنی سیاسی ترجیحات پرجائے گی توپھرگڑبڑ ہوجائے گی، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل تو ہوگئی ہے تاہم 8 ماہ میں بہت زیادہ نقصان بھی ہوا ہے۔امین ہاشوانی نے کہاکہ ہمیں سبق مل گیا ہے کہ زیادہ ہوشیاری کرکے نئی تھیوریز نہیں لانی چاہئیں، آئی ایم ایف کا واضح فارمولا ہے جس پر وہ عمل کرتا ہے، مسئلہ آئی ایم ایف کا نہیں ہمارا ہے ہم آئی ایم ایف سے پیسے لے رہے ہیں، آئی ایم ایف ہماری دشمنی کی بات نہیں کررہا ہے وہ کہہ رہا ہے کہ اپنا گھرسیدھا کرو، ہم اپنا گھر درست نہیں کررہے تویہ قصورآئی ایم ایف کا ہے یا ہمارا ہے؟ ہم نے اسٹرکچر ریفارمز نہیں کیے اس لیے آج یہ نوبت آئی ہے۔