اسلام آباد: ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ نے منظور کرلی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، جس کے مطابق عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس ناقابل سماعت قرار دے دیا۔
قبل ازیں ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ٹرائل قابل سماعت قرار دیا تھا، جس کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست دائر کی تھی، جس پر سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی روکنے کے حکم میں توسیع کردی تھی۔ بعد ازاں عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے چیئرمین پی ٹی آئی کو کیس میں بڑا ریلیف مل گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ ٹرائل کے خلاف سماعت کرنے والے چیف جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس دوسری عدالت کو منتقل کرنے کی استدعا کی تھی۔ انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیر کے روز درخواست دائر کی۔