جنین میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے،چارفلسطینی شہید

مقبوضہ مغربی کنارہ:مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں فلسطینیوں کے مہاجر کیمپ پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب اسرائیل کے فضائی حملوں میں کم سے کم چار فلسطینی شہید ہو گئے۔عرب ٹی وی کے مطابق سوموار کی صبح اسرائیل نے مزید تازہ دم کمک جنین شہر فلسطینی مہاجرین کے کیمپوں کی جانب روانہ کر دی ہے۔عینی شاہدین کے حوالے سے نامہ نگاروں کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جنین کے قریب سھل المقیبلہ کے علاقے میں کئی ٹینک کھڑے دیکھے گیے ہیں۔فلسطینی وزارت صحت نے اس سے قبل بتایا تھا کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں چار فلسطینی شہید ہوئے جبکہ غرب اردن اردن کے علاقے جنین میں رات گئے کی جانے والی اسرائیلی کارروائی میں کئی فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق فضا سے داغا جانے والے میزائل سے ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔انہی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غرب اردن میں کی جانے والی فوجی کارروائی کے جلو میں جنین مہاجر کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں متعدد افراد شہید اور دیگر کئی شدید زخمی ہوئے۔ادھر اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ وہ شہر اور مہاجر کیمپوں میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر کنٹرول کی مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔ اسرائیلی نے دعوی کیا کہ جس مکان کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے اسے مسلح افراد اپنے مواصلاتی اور جاسوسی مرکز کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔اسرائیلی بیان میں بتایا گیا ہے کہ نشانہ بنائے جانے والے گھر کو چند ایسے مطلوب افراد اپنے محفوظ ٹھکانے کے طور پر استعمال کر رہے تھے جنہوں نے گذشتہ مہینوں کے دوران علاقے میں اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں