سکھر:صوبائی وزیر بلدیات اور رہنما پیپلز پارٹی ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اگر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ نہ ہوتا تو ڈیفالٹ سمیت بہت سے مسائل پیدا ہوتے۔سکھر میں میڈیا گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ وقت کی ضرورت ہے، یہ فخر کی بات نہیں، اسی لئے اس پر خوشی اور شادیانے نہیں بجانے چاہئیں، اگر معاہدہ نہ کیا جاتا تو ڈیفالٹ سمیت بہت سے مسائل پیدا ہوتے۔انہوں نے کہا کہ سوئیڈن واقعے پر حکومت کا مقف واضح ہے، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا واضح موقف سامنے آچکا ہے، اس پر حکومت اور عوام کے مقف میں فرق نہیں، لہذا سوئیڈش حکومت کو اس پر سخت ایکشن لینا چاہئے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے پرویز خٹک سے متعلق کہا کہ پرویز خٹک پہلے بھی پیپلزپارٹی میں رہے، یہ سیاسی سوچ رکھنے والے سیاستدان ہیں، انہوں نے پہلے بھی پی ٹی آئی قیادت کی باتوں سے اختلاف کیا تھا۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی تمام منصوبہ بندی زمان پارک میں ہوئی، لہذا چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار ہوتا دیکھ رہا ہوں، ہم کسی کو نااہل کرنے یا پابندی لگانے کے حق میں نہیں، اگر کوئی قانون سے انحراف کرے گا تو قانون اپنا ایکشن لے گا۔