ممبئی: بھارت میں دنیا کا سستا ترین 4 جی فون متعارف کرا دیا گیا۔ریلائنس جیو نے یہ 4 جی فون متعارف کرایا ہے جس کی قیمت 999 بھارتی روپے (3317پاکستانی روپے)رکھی گئی ہے، بھارت میں اب بھی کروڑوں افراد 2 جی فونز استعمال کر رہے ہیں اور جیو بھارت نامی فون ایسے افراد کے لیے پیش کیا گیا ہے۔یہ تکنیکی طور پر اسمارٹ فون نہیں کیونکہ اس میں مین اسٹریم موبائل آپریٹنگ سسٹم (جیسے اینڈرائیڈ)موجود نہیں، مگر اس کے متعدد فیچرز ضرور اہم ہیں اس فون سے موبائل پیمنٹس کی جا سکتی ہیں جبکہ فلم اور میوزک سروسز بھی دی گئی ہیں،البتہ واٹس ایپ، فیس بک یا دیگر مقبول ایپس اس فون کا حصہ نہیں۔
اس فیچر فون میں 1.77 انچ کی کلر اسکرین دی گئی ہے جس کے ساتھ 48 ایم بی اسٹوریج اور ایک ہزار ایم اے ایچ پاور کی بیٹری موجود ہے، صارفین مائیکرو ایس ڈی کارڈ کے ذریعے اسٹوریج کو 128 جی بی تک بڑھا سکتے ہیں۔
فون کے بیک پر ایک وی جی اے کیمرا بھی موجود ہے، کمپنی کے مطابق بھارت میں اب بھی 25 کروڑ افراد ایسے موبائل فونز استعمال کر رہے ہیں جو 2 جی پر کام کرتے ہیں جبکہ دنیا بھر میں اب 5 جی ٹیکنالوجی پھیل رہی ہے۔