کویت سٹی :کویت سے تعلق رکھنے والے شیخ طلال فہد الاحمد الصباح حسین المسلام کے مقابلے میں اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے)کا صدر منتخب ہوگئے ،انھیںایشیائی اولمپک کونسل کی جنرل اسمبلی نے بینکاک میں نیا سربراہ منتخب کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وہ اس عہدے پر فائز ہونے والے کویت کے الصباح خاندان کے تیسرے فرد ہیں۔او سی اے نے ایک بیان میں کہا کہ او سی اے کے پہلے صدر شیخ فہد الاحمد الجابر الصباح کے بیٹے 54 سالہ شیخ طلال نے او سی اے کے ڈائریکٹر جنرل المسلام کو 24-20 سے شکست دی ہے۔
شیخ طلال اپنے بھائی شیخ احمد بن فہد الصباح کی جگہ لیں گے۔انھوں نے عہدہ چھوڑنے سے پہلے 1991 سے 2021 تک تنظیم کی قیادت کی تھی۔بھارت سے تعلق رکھنے والے کونسل کے سابق سکریٹری جنرل رندھیر سنگھ 2021 سے او سی اے کے قائم مقام صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔شیخ طلال نے اپنی کامیابی کے بعد مندوبین سے کہا کہ میں اپنے والد اور بھائی کے نقش قدم پر چلوں گا۔ہم 40 سال سے زیادہ عرصے سے ایشیا کے ساتھ ہیں۔میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں ایشیا کو دوبارہ متحد کروں گا۔وہ 23 ستمبر سے چین کے شہر ہانگ ژو میں شروع ہونے والے ایشیائی کھیلوں سے قبل ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔