ممبئی :بھارت کے ابھرتے ہوئے اسٹار اداکار کارتک آریان نے جائیداد کے کاروبار میں قدم رکھ دیا، حال ہی میں انہوں نے کروڑوں روپے مالیت کا ایک اپارٹمنٹ خرید لیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کارتک آریان نے ممبئی میں ساڑھے 17 کروڑ کا اپارٹمنٹ خریدا۔بتایا جارہا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر ممبئی کے پوش علاقے جوہو کی پریذیڈنسی کوآپریٹو سوسائٹی میں واقع سدھی ونائک عمارت میں ہے۔اس سے قبل ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کارتک نے شاہد کپور کا گھر کرائے پر لیا اور وہ ماہانہ ساڑھے سات لاکھ روپے کرایہ ادا کر رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس میں اس بات کا بھی دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مذکورہ عمارت کی اٹھویں منزل پر ہی کارتک کا اپنا گھر ہے جبکہ نیا اپارٹمنٹ عمارت کی دوسری منزل پر ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق کارتک کے ممبئی کے نئے اپارٹمنٹ کا رقبہ 1916 مربع فٹ ہے۔ ڈیل کی ٹرانسفر ڈیڈ میں ایک کروڑ 5 لاکھ روپے اسٹیمپ ڈیوٹی دکھائی گئی جبکہ جائیداد کے کاغذات 30 جون کو درج کیے گئے تھے۔
