عمران خان نے نوجوانوں اور سیاست کے لیے منفی کردار ادا کیا، خواجہ آصف

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کے چار سالہ دور حکومت میں ملک میں غلیظ زبان کے کلچر کو فروغ دیا۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما سکیورٹی سمیت قومی اداروں پر حملے میں ملوث پائے گئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے ان کارکنوں اور رہنماوں کے خلاف کارروائی کرے گی جو 9 مئی کے واقعے میں جرم کے مرتکب پائے گئے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما عمران خان نے پنجاب اور کے پی کے میں اسمبلیاں توڑنے کے احکامات صادر کئے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے بعد اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما نے چار سال کے عرصے میں معیشت کو نقصان پہنچایا۔ ائندہ انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ مخلوط حکومت کی مدت ایک ماہ بعد ختم ہو جائے گی اور نگراں سیٹ اپ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے اقدامات کرے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی حمایت سے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت بنانے کے بعد نواز شریف اور شہباز شریف کی رہنمائی میں عوامی فلاح کے منصوبوں کو جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں