عمرہ سیزن اورجی سی سی ممالک کیلئے اجازت نامے شروع کرنے کااعلان

ریاض:سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ سیزن کے باضابطہ آغاز کا اعلان کیا ہے اور مملکت کے شہریوں ، رہائشیوں اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)کے مکینوں کے لیے عمرہ اجازت ناموں کا اجرا شروع کر دیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی شہریوں اور مکینوں کے ساتھ ساتھ جی سی سی ممالک کے زائرین اب نسک یا تونا موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے عمرے کے ضروری اجازت نامے حاصل کرسکتے ہیں۔ان موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے درخواستوں پر عمل درآمد مسلم عازمین حج کے تجربے کو بہتر بنانے اور سعودی ویژن 2030 کے مقاصد واہداف سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔نسک ایپلی کیشنز کو عمرہ زائرین کے اجازت نامے حاصل کرنے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ گنجائش کے مطابق زائرین کو اجازت نامے جاری کیے جاسکیں۔تونا پلیٹ فارم کے ساتھ نسک ایپلی کیشن کو ضم کردیا گیا ہے۔اس سے حکام اجازت نامے کے لیے درخواست دینے والے افراد کی صحت کی حالت کی تصدیق کرسکتے ہیں۔وزارتِ حج و عمرہ نے سعودی عرب سے باہر کے ممالک کے عمرہ زائرین کو خوش آمدید کہنے کے فیصلے کا بھی اعلان کیا ہے۔عمرے کے لیے الیکٹرانک ویزے متعارف کرائے گئے ہیں تاکہ بین الاقوامی عازمینِ عمرہ کے مملکت میں داخلے کے عمل کو تیز کیا جا سکے اور وہ بآسانی اپنا مقدس سفر شروع کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں