آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس ،شرجیل میمن پر 19جولائی کو فرد جرم عائد ہوگی

کراچی :کراچی احتساب عدالت نے وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن سمیت دیگر ملزمان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے 19جولائی کی تاریخ مقرر کردی ۔عدالت نے ملزم کامران گل کی بریت کی درخواست بھی مسترد کردی ۔کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزم کامران گل کی بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے ملزم کامران گل کی بریت کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے حکم دیا کہ شرجیل میمن، کامران گل و دیگر ملزمان آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔
عدالت نے شرجیل میمن، کامران گل و دیگر ملزمان پر چارج فریم کی تاریخ مقرر کردی۔ 19 جولائی کو شرجیل میمن، کامران گل سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائیگی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ شرجیل میمن اور کامران گل کہاں ہے؟ پیش کیوں نہیں ہوئے؟ وکلا صفائی نے موقف دیا کہ شرجیل میمن اسلام آباد میں ہیں، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی ہے۔ کامران گل حج پر گئے ہوئے ہیں اس لئے پیش نہیں ہوسکے۔ عدالت نے ملزمان کے وکلا کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان آئندہ سماعت پر حاضری کو یقینی بنائیں۔ عدالت نے سماعت 19 جولائی تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں