اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہنر مند افراد کو بیرون ملک بھیجنے سے تجارتی خسارہ کم ہوسکتا ہے،قوموں کی ترقی میں نوجوان نسل کا اہم کردار ہے، ہنر مندی کی تعلیم دور حاضر میں ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے،تعلیم ، روزگار اور صحت صرف امیر طبقہ کاحق نہیں ،سب کا حق ہے،75 سال کی عادتیں بدلنا آسان کام نہیں ہے تاہم مصمم ارادے سے مل کر تعلیم کو عام کریں گے، فنی ترقی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہے، فنی تعلیم سے آراستہ نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے سے تجارتی خسارہ میں کمی آئے گی، تعلیم کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وہ جمعہ کو یہاں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کا سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث افتخار ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہنر مندی کی تعلیم دور حاضر میں ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے۔ انہوںنے کہاکہ تعلیم از خود اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کا ایک ہنر ہے جو اللہ نے ہمیں عطا کیا ہے لیکن قوموں کو ترقی کی دوڑ میں تیزی سے آگے لے کر جانے کے لئے فنی تعلیم تیزرفتاری سے کامیابی کی ضمانت ہے، یونیورسٹی میں آ کر متاثر ہواہوں۔ انہوںنے کہاکہ انتظامیہ اس کو برق رفتاری سے آگے لے کر جائے گی اور ہزاروں بچوں کو ہنر مندی کی تعلیم دے کر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے اور اپنے خاندان کے لئے باوقار روزگار کا ذریعہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اس یونیورسٹی کا منصوبہ بنایا ، اس پر انہیں مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ پاکستان کے لئے ایک بہت بڑا ادارہ بنا ہے۔ بچوں کی تعلیم کے لئے ان کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو ہم نے دور کرنا ہے۔
ہم نے پنجاب میں ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا۔اس کے لئے 2 ارب روپے سالانہ فنڈ بجٹ سے مختص کئے۔ انہوںنے کہاکہ10 سال میں 4 لاکھ 50ہزار طالب علم میرٹ پر ملک بھر سے وظائف کے حق دار ٹھہرے۔ آج وہ بچے دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں اسی طرح ہم نے دانش سکول بنائے تاکہ غریبوں کو ایچی سن اور دیگر اداروں کے مساوی تعلیم دی جا سکے۔ انہوںنے کہاکہ تعلیم ، روزگار اور صحت صرف امیر طبقے کاحق نہیں بلکہ سب کا حق ہے ، یہی قیام پاکستان کا مقصد اور قائد و اقبال کا خواب تھا۔ ان شعبوں میں امیر اور غریب کے درمیان تفاوت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ75 سال کی عادتیں بدلنا آسان کام نہیں ہے تاہم مصمم ارادے سے مل کر تعلیم کو عام کریں گے۔