مظفرگڑھ(تحصیل رپورٹر) ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے اسسٹنٹ کمشنر ناصر شہزاد ڈوگر کے ہمراہ شیر شاہ کے مقام پر دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں کا دورہ دریا میں پانی اور کٹاؤ کا معائنہ کیا ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دریا میں پانی ابھی اپنی حدود میں ہے جس سے صرف دریا کے راستے میں آباد آبادیاں متاثر ہوں گی جن کے انخلا کا کام جاری ہے۔ریسکیو 1122اور سول ڈیفنس کاعملہ محکمہ ریونیو کے ہمراہ اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے انہوں نے کہا کہ کسی بھی جانی اور مالی نقصان سے بچنے کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں عوام کی جان و مال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوانہ بنگلہ سے ہیڈ پنجند تک دریائے چناب کے کنارے کنارے ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے 15 کیمپ قائم ہیں جو نہ صرف ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہے ہیں بلکہ متاثرین کو سیلابی علاقوں سے نکالنے کے فرائض بھی سر انجام دے رہے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ دریائے چناب پرتریموں کے مقام پر پانی کا اخراج 57 ہزار 315 کیوسک ہے جو کہ نارمل ہے تاہم ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں میں 21 فلڈ ریلیف کیمپ قائم ہیں جہاں قیام و طعام سمیت صحت و صفائی جانوروں کی ویکسی نیشن علاج و معالجے کی سہولت موجود ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122 کیمپ اور ریلیف کیمپ کا بھی معائنہ کیا۔