لودھراں(شہروز قریشی)ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد عدنان ظفر خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹ کے اندراج ،اخراج،منتقلی اور کوائف کی درستگی کی تاریخ میں 20 جولائی تک توسیع کر دی، انہوں نے یہ بات آج اپنے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کے اندراج ،اخراج ،منتقلی اور کوائف کی درستگی کی آخری تاریخ 13 جولائی مقرر کی گئی تھی لیکن عوام الناس کی سہولت کے پیش نظر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اب 20 جولائی 2023 تک توسیع کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنے ووٹ سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے فوری طور پر اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کر کے تفصیلات حاصل کریں۔ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر موجود مستقل یا عارضی پتہ میں سے کسی ایک پر کروایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری ووٹ کے اندراج ،اخراج ،منتقلی اور کوائف کی درستگی بارے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk سے فارم ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔شہری ووٹ کے اندر اج و منتقلی کے لیے فارم نمبر 21 ،اعتراض و اخراج کے لیے فارم نمبر 22 اور کوائف کی درستگی کے لیے فارم نمبر 23 حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ شہری مزید معلومات اور متعلقہ فارم کے حصول کے لئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔