بہاول پور (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ نے کہا ہے کہ ضلع بہاول پور میں ممکنہ سیلاب سے تحفظ کے لئے 9فلڈ ریلیف کیمپس قائم فلڈ ریلیف کیمپس میں ریسکیو 1122کے سٹاف کی تعیناتی سمیت کسی بھی ایمرجنسی سے نبردآزما ہونے کے لئے ضروری مشینری بھی مہیا کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ نے کہا کہ دریائے ستلج کے بیٹ میں پتن منگوانی، بستی لالہ ڈیرہ، ماڑی قاسم شاہ، جلال آباد سمہ سٹہ، جھلن والی، بیٹ شکرانی، بوہڑ والی، پلہ ماڑی اور اسرانی (کڈ مہار) فلڈ ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہا کہ ہیڈ اسلام حاصل پور میں 3لاکھ کیوسک پانی کی گنجائش موجود ہے جبکہ اس وقت ہیڈ اسلام سے 18695کیوسک پانی گزر رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے بتایا کہ ضلع بہاول پور میں فی الحال سیلاب کا خطرہ نہیں ہے۔ تاہم ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضروری حفاظتی اقدامات مکمل کر لئے ہیں اور ضلع بہاول پور میں تمام محکمہ جات مربوط حکمت عملی سے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے فعال ہیں۔