محرم الحرام: جلوس و مجالس کے شرکاء کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کرنے کی ہدایات

بہاولپور (نامہ نگار)محرم الحرام 2023 کے پر امن انعقاد کے سلسلہ میں ڈی پی او بہاولپور سید محمد عباس کی ہدایات پر جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا۔ جلوس و مجالس کے شرکاء کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کرنے کی ہدایات جاری ۔ پولیس کی بھاری نفری سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی، بروقت پیغام رسانی کیلئے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم قائم کیا گیا۔ ڈی پی او سید محمد عباس
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او بہاولپور سید محمد عباس کی ہدایات پر ضلع بھر میں پر امن محرم الحرام کے سلسلہ میں جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا۔ یکم محرم الحرام سے دس محرام الحرام تک بہاولپور ضلع میں 250 جلوس اور 575 مجالس عزاء منعقد ہونگی۔ضلع بھر میں A کیٹگری کے 07، B کے 05 اور C کے 238 جلوس برآمد ہونگے ۔ اسی طرح کیٹگری A کی 01 ،B کی 04 اور C کی 570 مجالس منعقد ہونگی۔جلوس و مجالس پر 2000 سے زائد پولیس افسران و اہلکاران کے علاوہ 1800وولنٹیرز بھی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ڈسٹرکٹ پولیس کے ہمراہ ڈولفن فورس، ایگل اسکوارڈ ، سپیشل برانچ اور ایلیٹ فورس بھی سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گی۔ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کو فول پروف رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے، ڈرون کیمرے، جیمرز، سنیفر ڈاگز ،واک تھرو گیٹس، خار دار تار اور سٹیل بیریئرز کا استعمال کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے تمام جلوس اور مجالس پر مقررہ وقت کی پابندی یقینی بنائی جائے۔ لائوڈ سپیکر کے استعمال ، وال چاکنگ ، ہیٹ میٹریل ، اشتعال انگیز تقاریر ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے 81 افراد کی ضلع بندی جبکہ 87 افراد کی زبان بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران خلاف ورزی اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محرم الحرام کے دوران ٹریفک کو رواں دواں کرنے کے لیے ٹریفک کا علیحدہ سے ڈیوٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔محرم الحرام کے سلسلہ میں جاری کردہ سکیورٹی پلان پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے.

اپنا تبصرہ بھیجیں