دبئی: ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جے شاہ نے ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کردیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر جے شاہ نے کہا کہ مجھے مینز ایشیا کپ 2023 کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے، جو ایشیائی قوموں کو متحد کرنے اور یکجہتی کی علامت ہے۔انہوں نے لکھا کہ آئیں مل کر کرکٹ کا جشن منائیں اور ان اقدار سے جڑ جائیں جو ہمیں متحد کرتے ہیں۔
شیڈول کے مطابق افتتاحی میچ 30 اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلا جائے گا، 31 اگست کو کینڈی میں بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دو ستمبر کو کینڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ ایشیا کپ کا فائنل 17 ستمبر کو کولمبو میں ہوگا۔ایشین کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 50 اوورز فارمیٹ کا یہ ٹورنامنٹ 30 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔
پاکستان چار میچز کی میزبانی کرے گا،ایشیا کپ کے تیرہ میچوں کے لیے چار وینیوز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جن میں سے پاکستان چار میچوں کی میزبانی کرے گا۔ ملتان میں ایک جبکہ لاہور میں تین میچ کھیلے جائیں گے۔سری لنکا 9 میچز کی میزبانی کرے گا،سری لنکا میں نو میچز ہوں گے جن میں سے کینڈی میں تین اور کولمبو میں چھ میچز کھیلے جائیں گے۔سری لنکا میں کینڈی پہلے رانڈ کے تین میچوں کی میزبانی کرے گا جس کے بعد کولمبو میں سپر فور مرحلے کے پانچ میچوں کے علاوہ 17ستمبر کو ہونے والا فائنل بھی کھیلا جائے گا۔
سری لنکا اپنا پہلا میچ 31 اگست کو بنگلہ دیش کے خلاف کینڈی میں کھیلے گا جبکہ انڈیا ٹورنامنٹ میں اپنا آغاز پاکستان کے خلاف میچ سے کرے گا جو 2 ستمبر کو کینڈی میں کھیلا جائے گا۔اگر پاکستان اور انڈیا دونوں نے سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی تو پھر یہ دونوں ایک بار پھر 10 ستمبر کو کولمبو میں مدمقابل ہونگے۔ملتان میں افتتاحی میچ کے بعد لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچوں میں 3 ستمبر کو بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ 5 ستمبر کو افغانستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا ۔