امریکی ریاست ایڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش نے ایک نیا حیرت انگیز گنیز ورلڈ ریکارڈ بنالیا ہے۔ڈیوڈ رش اب تک 250 سے زائد گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا چکے ہیں اور حال ہی میں 3 گھنٹے، 46 منٹ اور 16 سیکنڈ تک اپنی انگلی پر چھتری کا توازن برقرار رکھ کر ایک اور نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ریکارڈ بناتے ہوئے میرے لیے بڑا چیلنج مسلسل صرف کھڑے رہنے اور بیٹھنے کی وجہ سے محسوس ہونے والی مستقل تھکاوٹ سے نمٹنا تھا تاہم عزم اور توجہ غالب رہی اور میں ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہا۔ڈیوڈ رش کی کامیابی کو اب گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے اپنے اس نئے ریکارڈ کی باقاعدہ تصدیق کا انتظار ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل انگلی پر 3 گھنٹے،31 منٹ اور 43 سیکنڈز تک چھتری کے توازن کو برقرار رکھ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ بنایا گیا تھا۔