واشنگٹن:نئی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ ایسپریسو کافی کا ایک کپ نہ صرف آپ کو فوری توانائی کا احساس دیتا ہے بلکہ الزائمر کی بیماری کو بھی روک سکتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں لیبارٹری ٹیسٹوں میں ایسپریسو کافی کے ایک قسم کے پروٹین ‘Tau protein’ کے جمع ہونے کے عمل کو روکنے کے شواہد ملے۔ تاؤ پروٹین کے جمع ہونے کا عمل الزائمر کی بیماری کے آغاز میں ہوتا ہے۔امریکن کیمیکل سوسائٹی کے جرنل آف ایگریکلچر اینڈ فوڈ کیمسٹری میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کافی کے الزائمر کی بیماری سمیت دیگر ذہنی امراض کے خلاف بھی فائدہ مند اثرات مرتب ہوتے ہیں۔مزید برآں تاؤ پروٹین دماغ کے ڈھانچے کو مستحکم رکھنے میں مدد کرتے ہیں لیکن جب بعض بیماریاں جیسے الزائمر پیدا ہوتی ہیں تو تاؤ پروٹینز مل کر فائبرلز میں جمع ہوجاتے ہیں۔ کچھ محققین کا قیاس ہے کہ اس کو روکنے سے الزائمر کی علامات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ موجودہ مطالعے میں اطالوی محققین نے ٹیسٹ ٹیوب تجربے کے لیے مکمل ایسپریسو کے کشید کردہ عرق اور دیگر مرکبات جیسے کیفین، جینسٹین اور تھیوبرومین کو ملایا اور پھر انہوں نے اس میں تاؤ پروٹین کو چھوٹی چھوٹی شکلوں میں ملا کر اسے 40 گھنٹوں تک سینکا (incubate) کیا۔ محققین کیلئے ایسپریسو عرق کے موثر نتائج حیران کْن تھے۔محققین نے پایا کہ کافی اور دیگر اجزا سے بنا یہ مرکب فائبرلز میں جمع ہورہے تاؤ پروٹین کو ختم کرسکتا ہے، علاوہ ازیں یہ مرکب خلیات کیلئے نقصان دہ بھی نہیں۔