وزیر خارجہ بلاول بھٹو کو امریکی ہم منصب کا ٹیلی فون

اسلام آباد:وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ٹیلی فون کیا جس میں دونوں اطراف نے پاک امریکا تعلقات کی موجودہ مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران چھ مذاکرات کے علاوہ اعلیٰ سطح کے دوروں کے تبادلے نے تعلقات کو متنوع بنانے میں مدد دے کر اسے مستحکم کیا ہے۔وزیر خارجہ نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات سے منسلک ترجیح سمیت موسمیاتی تبدیلی اور گرین انرجی پر تعاون کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی خصوصی دلچسپی پر زور دیا۔
امریکی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پاکستان کی اقتصادی اور ترقیاتی ضروریات کو تقویت فراہم کرے گا اور پاکستان اپنی معیشت میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات لانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ اسے کاروبار اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے مزید مسابقتی اور پرکشش بنایا جاسکے۔ترجمان کے بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و سلامتی اور ترقی کے فروغ کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعمیری روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خطرے سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ نے بلیک سی گرین انیشی ایٹو کی اہمیت کو خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کے نقطہ نظر اور غذائی تحفظ اور افراط زر کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا اور اس معاہدے کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوری اصول اور قانون کی حکمرانی کا احترام پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ اقدار اس شراکت داری کو آگے بڑھانے میں رہنمائی کرتی رہیں گی۔ وزیر خارجہ کے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سے یہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری امریکی وزیر خارجہ کے درمیان چوتھی ٹیلی فون کال تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں