نئی مردم شماری کیلئے الیکشن میں تاخیر !

اسلام آباد :پاکستان پیپلزپارٹی نے نئی مردم شماری کیلئے الیکشن میں تاخیر ناممکن قرار دے دی، قمر زمان کائرہ کہتے ہیں کہ نئی پارٹیوں کے قیام کا مطالبہ کرکے نئی مردم شماری کے انعقاد کی بنیاد پر انتخابات میں تاخیر ممکن نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا عمل شروع ہوچکا ہے اور الیکشن کمیشن اپنے مخصوص وقت اور مدت پر انتخابات کرانے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ایک سوال کے جواب میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر ملکی استحکام کے لیے سازگار نہیں ہوگی اور مسلم لیگ (ن)بھی اس عمل میں کسی قیمت پر تاخیر کے حق میں نہیں ہے، نگران سیٹ اپ پر ملک کو مناسب طریقے سے چلانے کی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی مردم شماری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے بھی انتخابات کا عمل نہیں رکے گا، سیاستدان اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کر رہے ہیں تاہم ملک کا استحکام آئین اور قانون کی حکمرانی میں مضمر ہے، نگراں سیٹ اپ میں سیاست دانوں کو بڑی ذمہ داری کے ساتھ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
اسی طرح قمر زمان کائرہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے فراڈ کے حوالے سے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے سستی گاڑیوں، ٹریکٹروں اور مویشیوں کا جھانسا دے کے معصوم لوگوں کو اغوا کیا جا رہا ہے، کافی عرصے سے ایسے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، باشعور شہری کے طور پر ہمیں ایسے دھوکے بازوں سے انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سستے ٹریکٹروں اور مویشیوں کا جھانسا دے کر دور افتادہ علاقوں میں بلا کر اغوا کر لیا جاتا ہے، دور دراز علاقے سے کوئی آپ کو سستی چیز کا جھانسا دے تو یہ کسی صورت بھی خطرے سے خالی نہیں ہے، ایسے دھوکے میں آ کر نہ صرف فرد بلکہ پورا کا پورا خاندان ایک المیے کا شکار ہو جاتا ہے، اسی قسم کا ایک جھانسا ہنی ٹریپنگ کا بھی ہے، سادہ لوح نوجوانوں کو شادی کا جھانسا دے کر دور دراز علاقوں میں بلا کر اغوا کر لیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں