نگران سیٹ اپ کاجلد اعلان کر دیا جائے گا، وزیراطلاعات

اسلام آباد :وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے نگران سیٹ اپ کا اعلان کر دیا جائے گا، پارلیمنٹ کی تحلیل کا فیصلہ اتحادی حکومت اور وزیراعظم کریں گے، نگران وزیراعظم کی مشاورت کے لئے بنائی گئی کمیٹی کا حصہ نہیں ہوں، جو بھی نام ہوں گے وہ سامنے آ جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق روات میں ریڈیو پاکستان کے 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان انتہائی اہم سنگ میل عبور کرنے جا رہا ہے، ریڈیو پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ڈی آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کا پہلی مرتبہ اجرا ہو رہا ہے، ریڈیو کے بیشتر ٹرانسمیٹرز اپنی طبعی مدت پوری کر چکے تھے، ریڈیو پاکستان کو ڈیجیٹل آر ایم میڈیم ویو ٹرانسمیٹر کی ضرورت تھی۔مریم اور نگزیب نے کہا کہ وزیراعظم، وزیر خزانہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی کے تعاون پر مشکور ہوں، اینا لاگ اور شارٹ ویو ٹیکنالوجی کا دور ختم ہو چکا ہے، اب جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے، وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ریڈیو پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا رہا ہے، ریڈیو پاکستان کی ٹرانسمیشن اب 52 سے زائد ممالک میں ڈیجیٹل میڈیم ویو کے ذریعے پہنچ سکے گی، ریڈیو کے میڈیم ویو کے 20 ٹرانسمیٹرز میں سے 14 ٹرانسمیٹرز اپنی طبعی عمر پوری کر چکے ہیں، نئی ٹیکنالوجی کی تنصیب سے بجلی کے استعمال میں بھی بچت ہوگی، یہ منصوبہ دو سال میں مکمل ہوگا۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ ایک گروہ نے حملہ آور ہو کر 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کے آرکائیو کو جلایا، اسی گروہ نے 2014 میں پی ٹی وی پر حملہ کیا، ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی قومی اثاثہ ہیں، ہم نے نہ صرف پشاور ریڈیو کی بحالی کا آغاز کیا بلکہ ریڈیو پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی سے استوار کیا جا رہا ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے اوورسیز پاکستانیز تک ریڈیو کی آواز پہنچ سکے گی، ریڈیو پاکستان کا تمام آرکائیو ڈیجیٹل ہو گیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف جلد اس کا افتتاح کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے نوجوانوں کی ریڈیو براڈ کاسٹنگ میں شمولیت میں اضافہ ہوگا، ریڈیو پاکستان کی نشریات 52 ممالک تک جائے گی، اس کی استعداد میں 70 فیصد اضافہ ہوگا، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اور ریڈیو پاکستان کے ڈی جی کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، ادارے مستعدی سے کام کریں گے تو ان سے منسلک ملازمین کے مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں، ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے مسائل پر وزارت اطلاعات نے وزارت خزانہ کے ساتھ مل کر ایک نظام مرتب کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ روات میں ہم میڈیا سٹی کا آغاز کریں گے، وژن، مشن ہے کہ روزگار بڑھے، ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے حالات تبدیل ہوں، ریڈیو کی نشریات پوری دنیا تک پہنچے، یہی وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے، 15 ماہ میں ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھا ہے، نواز شریف کے دور میں آئی ایم ایف کو خیرباد کہہ دیا تھا، ملک معاشی طور پر مستحکم تھا، پچھلے دور میں پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کو نیلام کرنے کی باتیں کی گئیں، یہ ادارے محض عمارتیں نہیں ہمارا اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل براڈ کاسٹرز پوری دنیا میں ہماری شناخت ہوتے ہیں، ریڈیو پاکستان کو تاریخ میں پہلی مرتبہ اس جدید ٹیکنالوجی سے استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا مقصد ان اداروں کو پاکستان کی شناخت کے لئے استعمال کرنا ہے، تمام وزارتوں کی مشکور ہوں جنہوں نے اس منصوبے میں اپنا حصہ ڈالا، ریڈیو پاکستان نے پانچ سال کے بعد روات میں اپنی تکنیکی صلاحیتوں سے اس جگہ کو بحال کیا ہے، پاکستان میں 1000 کلو واٹ ڈیجیٹل ریڈیو مونڈیال کی ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھ دی ہے،دو سال کا یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں