اسلام آباد:اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر281 روپے51 پیسے مہنگا کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق متوسط اور غریب طبقات کیلئے ایل پی جی استعمال کرنا مزید مشکل بنا دیا گیا۔ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا، ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں281 روپے51 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 2373 روپے 64 پیسے مقرر کردی گئی ہے، اسی طرح ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 23 روپے 86 پیسے اضافہ ہوا ہے، فی کلو ایل پی جی کی نئی قیمت 201 روپے 15 پیسے مقرر کردی گئی۔
ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، ایل پی جی کی نئی قیمت پر عملدرآمد یکم اگست سے ہوگا۔بتایا گیا ہے کہ جولائی کے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 2092 روپے 13پیسے کا تھا، جولائی کیلئے ایل پی جی کی فی کلو قیمت 177 روپے 29 پیسے مقرر تھی۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اگلے دو ماہ کیلئے نئی مانیٹری پالیسی کا ااعلان کردیا ہے، نئی مانیٹری پالیسی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اگلے 2 ماہ کیلئے شرح سود 22 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ موجودہ مالی سال میں شرح نمو 2 سے 3 فیصد کے درمیان رہے گی۔ ملک میں مہنگائی کی شرح 20 سے 22 فیصد رہنے کی توقع ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح 29 اعشاریہ 2 فیصد رہی۔ آنے والے ماہ میں مہنگائی میں کمی متوقع ہے، آئندہ مالی سال مہنگائی کی شرح 20 سے 22 فیصد رہے گی، اگلے برس مہنگائی کافی حد تک کم ہوجائے گی۔ مالی سال 2025 تک مہنگائی 5 سے 6 فیصد پر آ جائے گی، مہنگائی میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، ہمارا ہدف مہنگائی کو 5 سے 7 فیصد پر لانا ہے۔