چکوال (اظہر عباس) ڈپٹی کمشنرقراۃالعین ملک کے زیرِ صدارت ماہانہ ریونیو عوامی خدمت سروسز کا انعقاد ڈی سی آفس کمپلیکس میں کیا گیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ مجاہد عباس ، اے سی چکوال بختیار اسماعیل اور ریونیو ایڈمنسٹریشن کے دیگر افسران و اہلکاران بھی موجود تھے ۔ ریونیو عوامی خدمت سروسز کے موقع پرموجود شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کو ریونیو سے متعلق اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے عوامی مسائل سن کر ان کے حل کے لئے موقع پر ہی ریونیو ایڈمنسٹریشن کو احکامات جاری کئے اور تاکید کی کہ عوام کی طرف سے پیش کردہ مسائل کا فوری حل ریونیو عوامی خدمت سروسز پروگرام کی اصل روح کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے موقع پر موجود ریونیو کے افسران و اہلکاران پر واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں تاخیر و التواء کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے اے سی چکوال کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے متعلقہ افسران و اہلکاران کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کوئی اہلکار عوامی مسائل کے حل میں غفلت نہ کرنے پائے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ انہیں حکومتِ پنجاب کے ریونیو عوامی خدمت سروسز پروگرام کے حقیقی ثمرات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔