جدہ(محمد شباب بھٹہ)قونصلیٹ جنرل پاکستان جدہ میں چوتھے یوم استحصال کشمیر کے موقع پرایک پر وقارتقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت قونصل جنرل جناب خالد مجید نے کی۔قونصل جنرل نے کہا کہ تقریب کا مقصد کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی ہے، کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک کشمیرکی آزادی کے لیے لڑتے رہیں گے،ہم ہر سطح پر بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج کریں گے، جس میں 5 اگست 2019ء کے بعد غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت کو ختم کیا۔ خالد مجید نے کشمیر کی مستقل حمایت پر سعودی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں تمام طبقہ ہائے فکر کی نمائندگی شامل تھی ۔
تقریب میں صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھے گئے۔دیگر مقررین میں کشمیر کمیٹی جدہ کے چیئرمین مسعود احمد پوری اور جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز (JKCO) کہ صدر سردار وقاس عنایت بھی شامل تھے۔ مقررین نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔۔علاوہ ازیں پاکستان انٹرنیشنل سکول جدہ کے طلباء نے بھی موقع کی مناسبت سے تقاریر کی۔ اس موقع پر کشمیر کے حوالے سے خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی اور ائی ایس پی ار کی طرف سے جاری کردہ نغمہ بھی پیش کیا گیا ۔