کوٹرادہاکشن (سہیل الطاف خاں)کھڈیاں میں ن لیگ کے بڑے پاور شو سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں ۔کھڈیاں جلسے سے سب کو پتہ چل جانا چاہیے کہ ضلع قصور آج بھی میاں نواز شریف کے ساتھ ہے اور ن لیگ کا گڑھ ہے۔انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار وں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ان خیالات کا اظہار رہنمامسلم (ن) چوہدری شعیب منیر نے گزشتہ روزاپنی رہائشگاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چوہدری شعیب منیر نے کہا کہ سانحہ نو مئی میں پاکستان کے دفاعی اداروں پر پی ٹی آئی کے غنڈوں نے جس طرح حملے کیے اس کے بعد کوئی ذی شعور شخص پی ٹی آئی امیدوار کو ووٹ نہیں دے گا ۔ ایک طرف تمام بڑے سیاسی رہنما پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں دوسری طرف ملک برادران روز بروز مزید مضبوط ہورہے ہیں۔ ملک رشید احمد خان ،ملک احمد خان اس وقت ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جنہیں نہ صرف مسلم لیگ ن بلکہ دوسری پارٹیاں بھی ان کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔چوہدری شعیب منیر نے مزید کہا کہ عوام کے دلوں کی دھڑکن میاں نواز شریف آئندہ الیکشن میں پارٹی کی قیادت کریں گے اور الیکشن جیت کر پاکستان کو اس کا کھویا ہوا وقار بحال کرنے کے ساتھ ساتھ مہنگائی میں پسی ہوئی عوام کے مسائل حل کریں گے۔