اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگراں وزیراعظم اور نگراں وزرائے اعلی کو انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے مراسلہ جاری کردیا جس میں ہر سیاسی جماعت کو لیول پلیئنگ فلیڈ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم، نگران وزرائے اعلی سندھ، بلوچستان کو مراسلہ جاری کیا جس میں اہم ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں، جس کے بعد صاف شفاف اور بروقت انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے ائینی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مراسلے میں نگراں حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ الیکشن کے انعقاد کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جائے اور ہر سیاسی پارٹی کو لیول پلینگ فیلڈ دی جائے، نگران حکومتیں صاف شفاف اور برووقت انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت یقینی بنائیں اور انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوشش نہ کریں۔سیکریٹری نے مراسلے میں ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کی پیشگی اجازت کے بغیر تقرر و تبادلے نہ کیے جائیں جبکہ وفاقی اور صوبائی و مقامی اداروں میں ہر قسم کی بھرتی پر عائد پابندی پر عمل کیا جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر ہر قسم کی ترقیاتی اسکیموں پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ اداروں میں بھرتی ہونے والی سیاسی شخصیات کی ملازمت ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم، وزرائے اعلی، کابینہ ارکان، مشیران اور ممبران اسمبلی سے سرکاری رہائشگاہیں فوری خالی کرانے اور کابینہ ارکان سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے کی بھی ہدایت کردی۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی نگران حکومتیں قانون کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر معاملات چلائیں۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ نگران حکومتیں پہلے سے جاری بین الاقوامی اور دو طرفہ معاہدوں پر عملدرآمد کروا سکتی ہیں۔علاوہ ازیں مراسلے میں الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم، وزرائے اعلی اور کابینہ ارکان سے اثاثوں کی تفصیلات 3 روز میں طلب کر لیں۔