سٹیو سمتھ اور مچل سٹارک جنوبی افریقا کیخلاف سیریز سے باہر

سڈنی: آسٹریلیا کے بیٹر سٹیو سمتھ اور فاسٹ باؤلر مچل سٹارک جنوبی افریقا کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق سٹیو اسمتھ اور مچل سٹارک انجری کی وجہ سے جنوبی افریقا کے خلاف سکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ٹی 20 سکواڈ میں سٹیو سمتھ کی جگہ ایشٹن ٹرنر اور ایک روزہ میچز میں مارنس لبوشین کو شامل کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ باؤلر مچل سٹارک کی جگہ سپینسر جونسن کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سٹیو سمتھ کو بائیں ہاتھ کی کلائی میں انجری ہوئی ہے جس کی وجہ سے وہ 4 ہفتوں تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ایشز سیریز سے واپسی کے بعد مچل سٹارک کو بھی گروئن انجری ہوئی ہے، امید ہے کہ دونوں کھلاڑی ورلڈ کپ سے پہلے فٹ ہو جائیں گے۔آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر جارج بیلی نے کہا ہے کہ ہم نے مشورہ کیا ہے کہ سٹیو سمتھ اور مچل سٹارک کا بھارت میں ٹیم کو جوائن کرنا بہتر رہے گا، اس وقت ہماری ترجیح ورلڈ کپ ہے، مچل مارش جنوبی افریقا کیخلاف وائٹ بال کے دونوں فارمیٹس میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔واضح رہے کہ جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ 30 اگست کو کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں