دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کا معاملہ پھر سر اٹھانے لگا اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ورلڈ کپ 2023 میں ایک مرتبہ پھر تبدیلی ہو گی۔ورلڈ کپ 2023 کا شیڈول آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے لیے درد سر بن چکا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایک بار پھر شیڈول میں تبدیلی کے بارے میں کہہ دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد پولیس نے سیکیورٹی تحفظات کا اظہار کر دیا ہے اور حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے سیکیورٹی تحفظات سے بھارتی بورڈ کو آگاہ کیا ہے۔واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا شیڈول پہلے بھی تبدیل کیا جا چکا ہے۔پاکستان کے تین میچز سمیت 9 میچز کے شیڈول میں تبدیلی ہوئی تھی، اب ایک مرتبہ پھر شیڈول میں تبدیلی کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں، حیدر آباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے لگاتار دو دن میچز کے انعقاد پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں 9 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور نیدر لینڈز کا میچ ہے جبکہ 10 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کا میچ ری شیڈول ہے۔حیدرآباد پولیس نے میچز کے دروان وقفہ نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور پولیس نے پاکستان سری لنکا میچ پر خاص طور پر سیکیورٹی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کا میچ شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہونا تھا چونکہ پاکستان اور بھارت کا میچ احمد آباد میں اب 14 اکتوبر کو ہونا ہے جو پہلے 15 اکتوبر کو تھا۔ پاک بھارت میچ نووارتری تہوار کی وجہ سے ایک روز پہلے کیا گیا تھا۔لاجسٹک مسائل کی وجہ سے پاکستان اور سری لنکا کا میچ پھر دو روز پہلے کیا گیا تھا، پاک انگلینڈ کا میچ بھی کالی پوجا کی وجہ سے کولکتہ میں 12 نومبر کی بجائے 11 نومبر کو کیا جا چکا ہے۔