اقلیتوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،نگران وزیراعظم

جڑانوالہ:نگران وزیراعظم کا کہنا ہے کہ سانحہ جڑانوالہ معاشرے میں موجود مرض کی نشاندہی کرتا ہے،ہر شہری کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے جڑانوالہ کا دورہ کیا اور سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ نگران وزیراعظم نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا،جب سب کو یکساں انصاف ملتا ہے تو مملکت بھی قائم رہتی ہے۔مملکت کے دشمنوں کا پہلا وار انصاف کے نظام پر ہوتا ہے،اقلیتی برادری کا تحفظ کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ انوار الحق کاکڑ کہنا تھا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،انتہا پسندی کا کسی مذہب،زبان یا علاقے سے تعلق نہیں۔
جڑانوالہ واقعہ ہمارے معاشرے میں موجود ایک مرض کی نشاندہی کرتا ہے۔ نگران وزیراعظم نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کان کھول کر سن لے ہم ان تمام چیزوں کو بخوبی سمجھتے ہیں،ہم اپنے لوگوں کا تحفظ اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملڑی قیادت نے یقین دلایا کہ اقلیتوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔یقین دلاتا ہوں کہ اقلیتوں کا جان اور مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل نگران حکومت پنجاب نے جڑانوالہ واقعہ کے متاثرین کیلئے 20 لاکھ روپے فی گھر امداد کا اعلان کیا۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے جڑانوالہ کے علاقے عیسی نگر گئے،انہوں نے متاثرہ چرچ اور گھروں کا جائزہ لیا۔ نگران وزیراعلی نے اے ای سی چرچ کا بھی دورہ کیا اور دعائیہ تقریب میں شرکت کی،تقریب میں پاکستان کی سالمیت، استحکام، ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں