عام انتخابات ،الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو بلا لیا

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قیادت کو مدعو کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی عام انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان،صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف اور سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو مشاورت کیلئے مدعو کر لیا۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان،شہباز شریف اور آصف زرداری سمیت دیگر کو مراسلے بھیج دئیے۔ عمران خان کو 24 اگست دن 2 بجے بلایا گیا ہے،مسلم لیگ ن کو 25 اگست دن 11 بجے،جبکہ پیپلز پارٹی کو 29 اگست سہ پہر 3 بجے مدعو کیا گیا۔ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کو 24 اگست دن 3 بجے بلایا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی فہرستوں کی اشاعت اور حلقہ بندیوں سے متعلق مشاورت کیلئے سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا،الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد آئندہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا۔ انتخابات کے شیڈول اور انتخابات کی تاریخ سے متعلق سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں سے علیحدہ علیحدہ مشاورت کرے گا،الیکشن کمیشن آئندہ الیکشن کے روڈ میپ پر بھی مشاورت کرے گا۔
الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں اور ووٹرز کی فہرستوں امور پر بھی مشاورت کرے گا۔ جبکہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہوا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے انتخابی نتائج مرتب کرنے کے نظام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ اس سسٹم کے تحت پریذائیڈنگ آفیسر کی طرف سے ریٹرننگ آفیسر کے پاس موبائل ایپ کے ذریعے فوری رزلٹ کی ترسیل ممکن ہو گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں