اسلام آباد:مرتضی سولنگی کا کہنا ہے کہ جب الیکشن کمیشن مناسب سمجھے گا انتخابات ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضی سولنگی نے الیکشن کمیشن آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کیلئے فنڈز کا ایشو نہیں،ہم الیکشن کرانے ہی آئے ہیں۔ انتخابات الیکشن کمیشن نے ہی کرانے ہیں،الیکشن کمیشن کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا اور جب الیکشن کمیشن مناسب سمجھے گا انتخابات ہو جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن ممبر نثار درانی سے ملاقات کیلئے آیا تھا،نثار درانی سے ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی۔ قبل ازیں نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ ہم نے تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر انتخابات کو یقینی، پرامن اور منصفانہ بنانا ہے۔نگران حکومت کی مدت کا تعین الیکشن کمیشن نے کرنا ہے،الیکشن کمیشن نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں آئین کے آرٹیکل 51 کے تحت انتخابات کے حوالے سے پورا نظامِ اوقات اپنی ویب سائیٹ پر جاری کیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کی اعلان کردہ تاریخ پر پرامن، شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنائیں گے اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ نگران وزیر اطلاعات نے بجلی کے بھاری بلوں پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کو جو بل موصول ہوئے یہ جولائی کے ہیں،
نگران حکومت نے 17 اگست کو حلف اٹھایا،عوام کا غصہ جائز ہے تاہم احتجاج کی بجائے ہمیں اس مسئلے کے حل کی طرف آنا چاہئے۔ مرتضی سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ اس بحث میں نہیں جانا چاہتے بجلی کے بلوں میں اضافے کا ذمہ دار کون ہے؟ہماری توجہ عوام کو ریلیف دینے پر ہے،ہم ذمہ دار آئینی نگران حکومت ہیں،یہ نہیں ہو سکتا کہ اس مسئلے کا نوٹس نہ لیں۔