اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں نفسیاتی صحت بہتر بنانے کیلئے مشاورت کی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور چیٹ باٹس کی مدد سے نفسیاتی صحت کی بنیادی سہولیات لوگوں تک پہنچائی جاسکتی ہیں۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں نگران وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت اور نگراں وفاقی وزیرصحت نے قومی صحت کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ بریسٹ کینسر، بڑھتی آبادی اور نفسیاتی صحت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت اور نگراں وزیرصحت نے غذائیت، بچوں کی ذہنی و جسمانی کمزوری ، خصوصی افراد کی بحالی کیلئے تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ نگراں وزیرصحت نے پولیو کے خاتمے کیلئے صدر مملکت کی جانب سے رہنمائی ، خصوصی توجہ کو سراہا۔ صدر مملکت نے صحت کے شعبے میں ڈاکٹر ندیم جان کی مجموعی خدمات کی تعریف کی۔