اسلام آباد:نگران وفاقی وزیر برائے بجلی و پٹرولیم محمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرڈاکٹر رضا امیری مغدام سے ملاقات کے دوران کیا۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔نگراں وفاقی وزیر توانائی نے ایرانی سفیر کا خیرمقدم کیا اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ایرانی سفیر نے نیا قلمدان سنبھالنے پر نگراں وفاقی وزیر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔نگراں وفاقی وزیرمحمد علی نیاس عزم کا اعادہ کیاکہ ایران اور پاکستان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،ہم تمام آپشنز تلاش کرنے اور مل کر کام کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات پڑوسی ملک ایران کے ساتھ تعاون کا موقع فراہم کرتی ہیں جو توانائی کے ذخائر سے مالا مال ہے۔ ایرانی سفیر نے علاقائی تعاون میں نگراں وفاقی وزیر کی دلچسپی کو سراہا اور اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حکومت پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔