لاہور :پرویز الٰہی کی گرفتاری سے متعلق کیس،عدالت نے سابق وزیراعلی پنجاب کو اٹک جیل سے بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی گرفتاری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس امجد رفیق نے پرویز الہی کی اہلیہ قیصرہ الہی کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا،ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اٹک بطورِ بیلف کل جیل سے پرویز الہی کو بازیاب کرائیں۔ عدالت نے کل سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالتی حکم پر ڈی آئی جی آپریشنز،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اور ایس ایس پی آپریشنز ہائیکورٹ میں پیش نہ ہوئے۔
ڈی ایس پی نے پولیس افسران کے پیش ہونے کیلئے مہلت مانگ لی اور بتایا کہ دونوں پولیس افسران پنجاب سے باہر ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ دونوں افسران سے پوچھ لیں کہ وہ آج پیش ہوں گے یا کل؟۔ کل پیش ہونے پر پولیس افسران کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کریں گے،آپ نے مناسب نہ سمجھا کہ اسی وقت میرے پاس آجاتے۔ یاد رہے کہ چوہدری پرویز الہی کی گرفتاری پر اہلیہ قیصرہ الہی نے توہین عدالت کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اور ڈی آئی جی آپریشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الہی کی تمام کیسز میں ضمانت منظور کی،نیب حراست سے بازیاب کرا کر انہیں رہا کرایا گیا۔ درخواست گزار کے مطابق عدالت نے ڈی آئی جی آپریشن اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کو طلب کر کے تحریری حکم نامہ دیا،دونوں پولیس افسران کی موجودگی میں چوہدری پرویز الہی کو اٹھایا گیا۔