شورکوٹ(تحصیل رپورٹر) ڈی پی او ملک طارق محبوب نے کہا ہے کہ پولیس سروس میں چالیس برس خدمات سر انجام دینے والے کانسٹیبلز ادارے کا قابل فخر سرمایہ ہیں۔آئی جی پنجاب کی ہدایات کے مطابق ان فرض شناس اہلکاروں کی بے مثال پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں انہیں گولڈن بریڈز لگانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈی پی او نے گولڈن بریڈ لگانے کی تقریب کے دوران کیا۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کے ہدایات کے مطابق کانسٹیبلان کی چار عشروں پر محیط خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ڈی پی او آفس میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈی پی او ملک طارق محبوب نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کے ہمراہ کانسٹیبلان کو گولڈن بریڈ لگائے، ڈی پی او نے کہا کہ کانسٹیبلری فورس کا حقیقی چہرہ ہے جو مشکل سے مشکل ڈیوٹی انتہائی جانفشانی سے سر انجام دیتے ہیں، محکمہ پولیس اپنے ان جانباز اور فرض شناس اہلکاروں کی خدمات کے اعتراف میں حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھے گا۔