مدت پوری ہونے پر صدر علوی عہدہ چھوڑ دینگے یا ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے؟

اسلام آباد:صدر عارف علوی کی مدت میں صرف 4 دن رہ گئے ہیں تاہم انہوں نے ابھی تک یہ ارادہ ظاہر نہیں کیا کہ وہ عہدہ چھوڑ دینگے یا ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔موجودہ حالات میں صدر کے اپنے عہدے کی معیاد سے آگے کام کرتے رہنے کا سوال ایسا معاملہ ہے جو طے شدہ ہے اور آئین میں ایسی کوئی بات درج نہیں جس کی تشریح کرتے ہوئے صدر کو معیاد مکمل کرنے کے بعد عہدے سے ہٹانے پر مجبور کیا جا سکے۔اگر صدر اپنی مدت پوری ہونے پر از خود عہدہ چھوڑ دیتے ہیں تو ایسی صورت میں آئین میں ان کے متبادل کیلئے واضح بات موجود ہے۔ اب تک صدر نے اپنا ارادہ ظاہر نہیں کیا کہ وہ عہدہ چھوڑ دیں گے یا کام کرتے رہیں گے۔صدر علوی کی پانچ سالہ مدت ملازمت 9 ستمبر کو ختم ہو رہی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 44(1) کے مطابق، صدر عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے لیکر پانچ سال کی مدت کیلئے عہدے پر کام کرتے رہیں گے اور مدت ختم ہونے کے بعد جب تک ان کے جانشین کا انتخاب نہ ہو جائے اس وقت تک وہ اپنے عہدے پر فائز رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں