ناٹنگھم:نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو چوتھے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 6 وکٹوں سے ہرا کر چار میچوں کی سیریز کا اختتام 2ـ2 سے برابری کر دیا۔کیوی ٹیم نے میزبان انگلینڈ کی طرف سے ملنے والا 176 رنز کا ہدف 17 ویں اوور کی دوسری گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر مچل سینٹنر کو میچ جبکہ انگلینڈ کے جونی بائرسٹو کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔جونی بائرسٹو کی 73 رنز کی دھواں دار اننگ بھی اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔دونوں ٹیموں کے درمیان ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں کھیلے گئے چار میچوں کی سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی 20میچ میں میزبان انگلینڈ ٹیم کی قیادت کے فرائض نبھانے والے آل رائونڈر معین علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی۔جونی بائرسٹو کی عمدہ دھواں دار بیٹنگ کی بدولت انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بناکر کیوی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 176 رنز کا ہدف دیا۔ جونی بائرسٹو نے 41 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔ڈیوڈ میلان اور لیام لیونگسٹون نے بالترتیب 26،26 رنز بنائے۔کیوی بائولرز کی طرف عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے مچل سینٹنر نے تین، ایش سودی نے دو جبکہ میٹ ہنری اور راویندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں ٹم سیفرٹ کے 48،گلین فیلیپس کے 42 اور مارک چیپمین کے ناقابل شکست 40 رنز کی بدولت کیوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17 ویں اوور کی دوسری گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر نہ صرف حاصل کر لیا بلکہ چار میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز بھی 2ـ2 سے برابر کرلی۔عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر مچل سینٹنر کو میچ جبکہ انگلینڈ کے جونی بائرسٹو کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔