سعودی عرب کے نئے سفیر ایران پہنچ گئے

تہران:سعودی عرب کے نئے سفیر عبداللہ بن سعود العنزی اپنے فرائض منصبی سنبھالنے کے لیے ایران پہنچ گئے۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی سفیر نے ایران پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی قیادت دونوں ممالک کے تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں پر دیکھنے کی خواہش مند ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام ، ترقی و خوشحالی کے فروغ کے لیے معاون اقتصادی وسائل کے مالک ہیں۔سعودی سفیر نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب دونوں ممالک کے عوام کے مشترکہ مفادات کی تکمیل کی اہلیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا وڑن 2030 ہر طرح کے تعاون پر عمل درآمد کا روڈ میپ ہے جس کی بنیاد پر دونوں ممالک واضح حکمت عملی کے تحت تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم، بامقصد تعمیری مکالمے اعتماد کو مستحکم بنائیں گے۔یاد رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں سفارتی تعلقات بحال کرنے اور اپنے سفارتخانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں