پانچ ہزار روپے کے کرنسی نوٹ پر پابندی کا نوٹیفیکیشن جعلی؟

اسلام آباد:نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے سوشل میڈیا پر زیر گردش پانچ ہزار روپے کے کرنسی نوٹ پر پابندی کے حوالے سے نوٹیفیکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اس قسم کے جعلی نوٹیفیکیشن پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے بظاہر فنانس ڈویڑن کے انٹرنل فنانس ونگ کے (جعلی) نوٹیفیکیشن کی نقل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوٹیفیکیشن جعلی ہے، اس قسم کے جعلی نوٹیفیکیشن پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثنائ وزارت اطلاعات و نشریات کے ٹویٹر ہینڈلر ”فیکٹ چیکر” نے بھی اس نوٹیفیکیشن کو جعلی قرار دیا۔ ٹویٹر پر جاری بیان میں وزارت اطلاعات نے کہا کہ جعلی خبریں پھیلانا نہ صرف غیر اخلاقی و غیر قانونی ہے بلکہ یہ قوم کی بھی توہین ہے، ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ رویئے کو مسترد کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں