جی۔20 سربراہی اجلاس، بھارت نے برازیل کو صدارت سونپ دی

نئی دہلی:نئی دہلی میں منعقدہ جیـ20 سربراہی کانفرنس کے لیے آئے ہوئے دنیا بھر کے لیڈر آج راج گھاٹ پہنچے اور بابائے قوم باپو کو مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر تمام قائدین نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے راج گھاٹ پہنچنے والے تمام غیر ملکی مہمانوں کو کھادی کے سٹول پیش کر کے خوش آمدید کہا۔اس کے بعد دنیا بھر سے رہنما اور دیگر نمائندے بھارت منڈپم کے لیڈرز لاؤنج پہنچے جہاں جیـ20 سربراہی اجلاس کا تیسرا سیشن ‘ون فیوچر’ منعقد ہوا۔ اس کے بعد فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون آج وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ظہرانے پر ملاقات کریں گے۔وزیر اعظم مودی کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ علیحدہ ملاقات کریں گے اور بعد میں کوموروس، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، جنوبی کوریا، یورپی یونین، برازیل اور نائجیریا کے سربراہان مملکت کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جیـ20 کی صدارت کی ذمہ داری برازیل کے صدر لوئس اناسیو لولا دا سلوا کو سونپ دی ہے۔انہوں نے بھارت منڈپم میں جیـ20 کی صدارت کا بیٹن لولا ڈی سلوا کے حوالے کیا۔دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے ویت نام روانگی کے وقت ایکس سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ عالمی معیشت میں ماحولیاتی بحران، چپقلش اور جھڑپوں کے اس دور مین جی۔20 اجلاس نے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ ہم مسائل کے فوری حل پر متفق ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں