اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ںے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے اندر کسی بھی دوسرے ملک کی تعمیرات کو قبول نہیں کرسکتا، طورخم بارڈر کی صورتحال پر افغان دفتر خارجہ کا بیان حیران کن ہے۔ترجمان دفتر خارجہ زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ افغان حکومت بارڈر کی بندش کی وجوہات کو بخوبی جانتی ہے، پاکستان اپنی سرزمین کے اندر کسی بھی عمارت کی تعمیر کو قبول نہیں کرسکتا، پاکستانی حدود کے اندر افغانستان کی تعمیرات پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہے۔انہوں ںے کہا کہ 6 ستمبر کو افغان فوجیوں نے پْرامن حل کے بجائے پاکستانی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی، افغان فوجیوں نے طورخم باڈر کے ٹرمینل کو نقصان پہنچایا، بلا اشتعال فائرنگ نے پاکستانی اور افغان شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا جب انہیں ڈھانچے کی تعمیر سے روکا تو انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ترجمان نے مزید کہا کہ اس قسم کی خلاف ورزیاں اور بلا اشتعال فائرنگ ناقابل قبول ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تجزیاتی ٹیم نے بھی اپنی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔