ممبئی:بھارتی معروف کامیڈین و اداکار کپل شرما نے اپنے مزاحیہ شو ‘دی کپل شرما شو’ کے ٹکٹ کی اصل قیمت سے متعلق انکشاف کیا ہے۔کپل شرما شو بلاشبہ بھارت سمیت پاکستان میں بھی یکساں مشہور ہے جس میں سامعین کو محظوظ کرنے کے لیے سب ہی اداکار اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔اس شو کے تقریباً سب ہی کرداروں اور فنکاروں کو خوب پسند کیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ ‘دی کپل شرما شو’ رواں سال جولائی کے مہینے سے بند ہو چکا ہے لیکن اس کے باوجود اس شو کی اپنی ایک آڈئینس ہے جو تاحال اس کی پرانی اقساط دیکھ دیکھ کر ہی اس کی یاد تازہ کرتی رہتی ہے۔بھارتی سوشل میڈیا پر گزشتہ دنوں سے یہ افواہ زیرِ گردش تھی کہ ‘دی کپل شرما شو’ کے ٹکٹ کی قیمت 4999 روپے ہے جس سے متعلق اب کپل شرما نے خود وضاحت دی ہے۔کیا واقعی ‘دی کپل شرما شو’ کے ایک ٹکٹ کی قیمت 4999 روپے ہے؟سوشل میڈیا پلیٹ فارم، X (ٹوئٹر) پر کپل شرما شو کے ایک پرستار نے ایک اشتہار شیئر کرتے ہوئے پوسٹ کی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ’دی کپل شرما شو’ لائیو دیکھنے والوں کو مفت کھانا دیا جاتا ہے جبکہ اس شو کے ایک ٹکٹ کی قیمت 4999 روپے ہے۔جس پر کپل شرما نے اپنے شو کے ٹکٹوں سے متعلق پھیلی افواہوں پر وضاحت دی ہے۔کپل شرما نے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اشتہارات جعلی ہیں اور حقیقت میں ‘دی کپل شرما شو’ کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر شو کو لائیو دیکھنے کے لیے آنے والے ناظرین سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا جاتا۔کپل کا لکھنا تھا کہ ‘جناب یہ ایک فراڈ ہے، ہم اپنے ناظرین سے لائیو شوٹ دیکھنے کے لیے ایک پیسہ بھی نہیں لیتے، براہ کرم اس قسم کے فراڈ کرنے والوں سے ہوشیار رہیں۔ شکریہ۔’اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ کپل شرما صرف اپنی محنت اور حسِ مزاح کے سبب ہی اپنے کیریئر میں اتنی بلندیوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔کپل شرما نے اپنے شو کی ایک قسط کے دوران ہی انکشاف کیا تھا کہ اِنہیں پہلی تنخواہ 500 روپے ملی تھی۔کپل شرما نے مزید بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی پہلی کمائی ہوئی رقم کو کیسٹ پلیئر خریدنے کے ساتھ ساتھ اپنی ماں کے لیے کچھ چیزیں لینے کے لیے استعمال کیا تھا۔
