اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو شیخ رشید کی قبضے میں لی گئی گاڑیاں واپس کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے شیخ رشید کی انٹرا کورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے کہ پولیس نے شیخ رشید کی گاڑیاں غیرقانونی طور پر قبضے میں لیں، گاڑیوں کو وہیں لوٹا دیا جائے جہاں سے قبضے میں لی گئی تھیں۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔اپنے فیصلے میں عدالت کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو شریک ملزم کے ضمنی بیان کی بنیاد پر مقدمے میں نامزد کیا گیا۔فیصلے کے مطابق قبضے میں لی گئی گاڑیاں جرم کے ارتکاب میں استعمال نہیں ہوئیں، بظاہر پولیس نے شیخ رشید کی گاڑیاں انہیں سرنڈر کروانے کیلئے قبضے میں لیں۔عدالت نے اپنے تحریری بیان میں مزید کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے شیخ رشید کی گاڑیاں قبضے میں لیتے ہوئے قانونی طریقہ کارنہیں اپنایا۔