ن لیگ نے بندوبست کیا ہے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہو، بلاول

لاہور:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایت ن لیگ سے ہے اور مجھے یقین ہے نواز شریف وطن واپس ا?کر اپنے کیسز کا سامنا کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ ن لیگ سے ہے، ہونا تو یہ چاہیے تھا تمام سیاسی پارٹیاں ایک ساتھ الیکشن کا مطالبہ کرتیں، پی ڈی ایم کے سب اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلا جاتا، ن لیگ نے بندوبست کیا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہو تو شکایت انہی کے خلاف ہوگی، کسی اور سے شکایت ہوتی تو میں اس کا نام لیتا، پی پی کے اس حوالے سے اعتراض سیاسی جماعت سے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کا اعلان کرنے کا اختیار نہ اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہے نہ میرے پاس ہے، بلکہ الیکشن کمیشن کے پاس ہے، الیکشن کی تاریخ کا فوری طور پر اعلان ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی فنڈز کے منصوبوں پر قانون واضح ہے کہ منظور شدہ منصوبے جاری رہنے چاہئیں، اگر صرف 90 دن کیلیے روکنے کی بات ہوتی تو مسئلہ نہ تھا لیکن ہمیں تو الیکشن کی تاریخ ہی نظر نہیں آرہی کہ انتخابات کب ہیں تو اس لیے مسئلہ ہے۔بلاول نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ سندھ کی بجٹ والی اسکیم کو اجازت نہ دیں مگر وفاق اور دوسرے صوبے میں اسکیمیں جاری رہیں بلکہ وہاں تو مزیدار اسکیمز شروع کی جارہی ہیں کہ ججز کو بلاسود قرضہ دیے جائیں، یا تو پنجاب سمیت کسی بھی صوبے میں اسکیم نہ ہو یا پھر سب کو اجازت ہونی چاہیے، روایت سب کیلئے ایک ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا پرانا مطالبہ تھا کہ میاں صاحب واپس آئیں، پیپلزپارٹی انہیں ویلکم کرے گی، جہاں تک کیسز کا سوال ہے تو ہم بھی اپنے کیسز کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں، مجھے یقین ہے میاں نواز شریف بھی سامنا کریں گے، پی پی رہنماؤں کے خلاف نیب کیسز پرانے ہیں جو موجودہ الیکشن پر اثر انداز نہیں ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی پاکستان میں تاریخی سطح تک پہنچ چکی ہے، عوام کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے، انہیں کوئی دلچسپی نہیں کہ کون کیا کررہا ہے اور کون کہاں سے آرہا ہے؟ عوام کو معلوم نہیں کہ اسکول کی فیس کیسے بھریں اور بجلی کا بل کیسے ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں