لاہور :صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں کنڈل پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پر حملے میں ملوث دہشتگردوں کی شناخت ہوگئی۔ کائونٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں میں سے ایک دہشتگرد کی شناخت زبیر نواز جب کہ دوسرے کی محمد خان کے نام سے ہوئی ہے، دونوں ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم جماعت کے ٹیپو گروپ سے ہے، ہلاک دہشت گرد زبیر نواز کالعدم تنظیم کا کمانڈر تھا، زبیر نواز پنجاب اور خیبر پختوانخواہ میں پولیس افسران کے قتل اور فرقہ واریت میں ملوث رہا، دوسرا ہلاک دہشتگرد محمد خان کالعدم تنظیم کا سرگرم رکن تھا، دونوں ہلاک دہشتگرد اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھے۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا، پولیس کے بہادر جوانوں نے دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، اس حملے میں جام شہادت نوش کرنے پر پولیس اہلکار ہارون خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہید ہیڈ کانسٹیبل کے بلند درجات کے لئے دعا گو ہیں، غم کی اس گھڑی میں شہید اہلکار کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔