حماس کے حملے بعد صدر بائیڈن کا فلسطینی صدر سے پہلی مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ

واشنگٹن:امریکی صدر جو بائیڈن نے فلسطین کے صدر محمود عباس اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بات چیت میں دونوں رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے میں انسانی امداد کی ترسیل کی اجازت دیں اور شہریوں کے تحفظ کی کوششوں کے لیے اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق صدر محمود عباس نے جو بائیڈن کو فلسطینی عوام بالخصوص غزہ کے شہریوں کے لیے امداد پہنچانے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔فلسطینی رہنما نے صدر بائیڈن کو بتایا کہ وہ غزہ سے فلسطینیوں کی نقل مکانی کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔صدر بائیڈن نے محمود عباس سے بات چیت میں ایک مرتبہ پھر اپنا موقف دہرایا کہ حماس فلسطینی عوام کے وقار اور خود ارادیت کے حق کی ترجمانی نہیں کرتا۔نیتن یاہو سے بات چیت میں صدر بائیڈن نے اسرائیل کے لیے غیرمتزلزل امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔صدر بائیڈن نے شہریوں کو خوراک، پانی اور طبی امداد کی رسائی کے لیے علاقائی کوششوں کے حوالے سے نیتن یاہو کو آگاہ کیا۔ واضح رہے کہ صدر جو بائیدن حماس کے حملے کے بعد سے نیتن یاہو کے ساتھ متعدد بار بات کر چکے ہیں لیکن صدر محمود عباس کے ساتھ یہ پہلا رابطہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں