غیر ملکی سرمایہ کاری پرحاصل منافع کی بیرونی ممالک منتقلی میں اضافہ

اسلام آباد:پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پرحاصل منافع کی بیرونی ممالک منتقلی میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے جار ی کر دہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے اپنے سرمائے پر حاصل منافع کی مد میں 749.8 ملین ڈالر بیرونی ممالک منتقل کئے جو گزشتہ مالی سا ل کی اسی مدت کے مقابلہ میں 245 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 217.6 ملین ڈالر بیرون ممالک منتقل کئے گئے تھے۔دسمبر میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پرحاصل منافع کی بیرونی ممالک منتقلی کا حجم 217.6 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا جو دسمبر 2022 کے مقابلہ میں 146 فیصد زیادہ ہے۔ دسمبر 2022 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پرحاصل منافع کی بیرونی ممالک منتقلی کاحجم 88.6 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اعدادوشمار کے مطابق پٹرولیم ریفائننگ میں براہ راست سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 103.6 ملین ڈالر بیرون ممالک منتقل کیاگیا۔ خوراک 68.8، ٹرانسپورٹ 68.4، فنانشل بزنس 61.5، پاور 57.6 ، ٹرانسپورٹ آلات 31.1، کیمیکلز 29.6 اور تجارت کے شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے 26.7 ملین ڈالر بیرون ممالک منتقل کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں