پی ٹی آئی اور ن لیگ سے کہہ رہا ہوں کہ ہمیں رولز آف گیم طے کرنا چاہیے،الیکٹورل اور جمہوری اصلاحات ضروری ہیں ،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے ساتھ مل کر چلنا اب ناممکن ہوگیا ہے، میرے والد کو سب سے زیادہ عرصہ جیل میں میاں صاحب نے ہی ڈالا، ان کے دور میں ہی والد کی زبان کاٹی گئی۔
بلاول بھٹو زرداری کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ن لیگ کا مقصد صرف میاں صاحب کو چوتھی مرتبہ اقتدار میں لانا ہے، اگر میاں صاحب پاکستان واپس آکر صوبوں کا دورہ کرتے تویہ پیغام جاتا کہ ان کے ساتھ لوگ موجود ہیں، پتا نہیں یہ فیصلہ کیوں کیا گیا کہ میاں صاحب کو بند رکھا گیا، یہ غلط تصور دیا گیا کہ سیاستدان کو صرف لڑنا چاہیے ساتھ مل کر کام نہیں کرنا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی غیر جمہوری قوتوں کے ذریعے حکومت میں لائیگئے، بانی پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی، نوجوانوں کو ایک دوسرے کے خلاف سخت راستہ اپنانیکی تربیت دی۔ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں نے اس الیکشن کو سنجیدگی سے نہیں لیا، الیکشن کے دوران سیاسی ماحول بھی پہلے جیسا نہیں، پی ٹی آئی اور ن لیگ سے کہہ رہا ہوں کہ ہمیں رولز آف گیم طے کرنا چاہیے۔