راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56 کے امیدوار پر پی ٹی آئی سے 3 کروڑ روپے میں ٹکٹ خریدنے کا الزام عائد کردیا۔راولپنڈی کے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں طبی معائنے کے بعد شیخ رشید احمد نے ایک ویڈیو بیان جاری کی اور دعویٰ کیا کہ عمران خان نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 کے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار شہریار ریاض کو تین کروڑ روپے میں ٹکٹ فروخت کیا۔اپنے ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے مزید کہا ہے کہ ‘میں خدا کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں میں خانہ کعبہ کی چھت پر گیا ہوں، شہریار ریاض نے ان سے ٹکٹ 3 کروڑ میں خریدا ہے ان کو قلم دوات کی مار پڑے گی۔شیخ رشید احمد کے اس ویڈیو کلپ کی انکے بھتیجے اور این اے 57 سے عوامی مسلم لیگ کے امیدوار شیخ راشد شفیق نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر یار ریاض 9 مئی کے بعد ملک سے باہر رہا اسکی ٹریول ہسٹری چیک کرلیں وہ ہم سے عوامی مسلم لیگ کا ٹکٹ مانگتا رہا ہے اسے شیخ رشید احمد کا ووٹ تقسیم کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔شیخ رشید کے الزامات کو یکسر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے این اے 56 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار شہر یار ریاض کا کہنا تھا کہ اگر میں نے پیسے دئیے ہیں تو کس کو دئیے ہیں کیا ثبوت ہے ان کے پاس؟ شیخ رشید احمد اپنی شکست دیکھ کر بوکھلا گے ہیں اور وہ اب تماشا کررہے ہیں۔شہریار ریاض نے کہا کہ انہوں نے یہ بیان خود نہیں دیا بعض قوتوں کے کہنے پر دیا یے، شیخ رشید حنیف عباسی کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں عمرہ کرنے سعودی عرب گیا تھا انکی طرح دبئی نہیں گیا تھا، ایف آئی آر تو پی ٹی آئی کے ہر ورکر پر ہوئی ہے میں بھی پی ٹی آئی کا ایک ورکر ہوں مجھے شیخ راشد شفیق کالیں کرکے میری منتیں کرتا رہا کہ میں ان کے ساتھ مل جاؤں میرے پاس انکی ٹیلی فونز کالوں کا پورا ریکارڈ موجود ہے۔